تبدیلی ڈرائونا خواب، پاکستان کو سیکولر ، لبرل نہیں بننے دینگے:جاوید قصوری

Mar 05, 2022

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ہم اللہ کے کلمہ کی سرفرازی کیلئے باہر نکلے ہیں۔ پاکستان جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کا نہیں ہے یہ کاشتکاروں ، مزدوروں کا پاکستان ہے۔ آج بھی عدالتوں اور بنکوں میں اسلام کا نظام نہیں ہے۔ ملک میں عورت مارچ کے نام پر بیرونی ایجنڈا مسلط کیا جا رہا ہے۔ ہم پاکستان کو سیکولر اور لبرل نہیں بننے دیں گے۔ لادین نہیں بننے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے لاہور تقریب اور ساہیوال میں احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار عوام کیلئے ایک ڈرائونا خواب ثابت ہوئی ہے۔ آج کا دور ظلم و جبر کا دور ہے ، عوام نے اس سے گھبراہنا نہیں ،یہ بھی جلد ختم ہو جائے گا۔ جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خاتمہ کی جدو جہد کر رہی ہے۔ اسلام کے نام پر وجود پر آنے والے پاکستان میں صرف اور صرف اللہ اور اس کے رسول ؐ کا دین ہی کامیابی سے چل سکتا ہے۔ جماعت اسلامی ہی پاکستان کے 22کروڑ عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔ 

مزیدخبریں