لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ آذربائیجان کو کامن ویلتھ ممالک میں شامل کیا جائے۔ خضر فرہادوف نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے، حکومت آذربائیجان اور عوام مسئلہ ناگورونو کارباخ پر حکومت پاکستان کی حمایت پر مشکور ہیں۔ دریں اثناء چودھری پرویزالٰہی اور صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے رائیونڈ تبلیغی مرکز میں امیر تبلیغی جماعت مولانا نذرالرحمن، مولانا ابراہیم دیولہ اور مولانا فاروق سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے صاحبزادے راسخ الٰہی، پوتے سفیان ظہور الٰہی، عثمان ظہور الٰہی سمیت تبلیغی رہنما امتیاز غنی اور نعیم بٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مولانا نذرالرحمن نے چودھری پرویزالٰہی سے کہا کہ آپ نے پنجاب اسمبلی سے تبلیغی جماعت کے حق میں متفقہ قرارداد پاس کرائی، آپ نے تبلیغی جماعت کے خلاف سازش کو ناکام بنا کر عالم اسلام کی بہت بڑی خدمت ہے۔ مولانا نذرالرحمن نے چودھری شجاعت حسین کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔