وزیر اعظم 9مارچ کو ایم کیو ایم مرکز جا ئینگے، یو ٹیلیٹی سٹورز کیلئے 8ارب کا رمضان پیکج تیار

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ وزیرِ اعظم نے جاری ترقیاتی منصوبوں بالخصوص عوامی فلاح کے منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ دریں اثناء ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم 9 مارچ کو کراچی کا دورہ کریں گے، جس میں وہ اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد بھی جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان سے سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ اعجاز الحق نے عوام کو معیاری صحت کی سہولتیں فراہم کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وہ متعلقہ حکام کو بہاولنگر کی صنعتی ترقی کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کریں۔ وزیراعظم نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ممکن اقدامات کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔ ملاقات میں سردار عبدالسمیع بھی شریک ہوئے۔ مزید برآں حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر بڑا رمضان پیکج دینے کی تیاری کرلی۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر 8 ارب 28 کروڑ روپے کا رمضان ریلیف پیکج دینے کی تجویز ہے جس کے تحت 19 اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دیئے جانے کا امکان ہے۔ پیکج کے تحت گھی کیلئے 4 ارب 5کروڑ، آٹے پر 2ارب 53 کروڑ 40 لاکھ اور چینی پر 75کروڑ روپے کی سبسڈی دینے کی تجویز ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ باسمتی چاول پر ڈھائی کروڑ، سیلہ چاول پر ایک کروڑ، ٹوٹا چاول پر 3 کروڑ 60 لاکھ، دال چنا پر 3 کروڑ، دال مسور پر 3 کروڑ اور سفید چنے پر 5 کروڑ روپے کی سبسڈی کی تجویز ہے۔ اسی طرح دیگر اشیاء پر 76کروڑ 50 لاکھ روپے سبسڈی دینے کی تجویز ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ والٹن لاہور کے ماحول کے تحفظ کیلئے رئیل اسٹیٹ کے منصوبے سنگ میل ہیں۔ اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ غیر استعمال شدہ سرمائے کو ان منصوبوں کے ذریعے قیمتی اثاثوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی کامیابی مالی وسائل پیدا کرنے کیلئے مالی خسارے کا شکار دیگر محکموں کیلئے ایک مثال ہو گی۔ 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...