موڑ کھنڈا(نامہ نگار)ممتاز مذہبی رہنما و سجادہ نشین خواجہ نورالز مان اویسی المعروف چن پیر نے کہا ہے کہ فرائض میں نماز کے بعد زکواٰۃ کو درجہ دیا گیا ہے تاکہ زکواٰۃ کی ادائیگی کی اہمیت واضح ہوسکے، رب کائنات کا فرمان ہے کہ جو رز ق تمہیں دیا گیا ہے اس میں سے کچھ (یعنی زکواۃ کے فرض ہونے کی شرائط کے تحت) ضرور ادا کرو، زکواٰۃ دینے سے مال پاک ہوتاہے اور دل کو بھی پاگیزکی حاصل ہوتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجداویسیہ نوریہ موڑ کھنڈا میں خطبہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،خواجہ نورالز مان اویسی المعروف چن پیر نے کہا کہ ذکواٰۃ دینے سے مال کم نہیں ہوتا بلکہ اسے برکت ملتی اور اضافہ ہوتا ہے، زکواۃ کے ذریعے کمزور طبقے جن میں مالی طور پر کمزور، غریب، مسکین، محتاج، یتیم، بیکس و بیواؤں کی ضروریات پوری کی جاسکتی ہیں اور غربت میں بھی کمی لائی جاسکتی ہے۔