فضل الرحمان کا چہرہ اترا ہوا ہے ،ساری کوششیں ناکام ہوں گی،فواد چوہدری

Mar 05, 2022 | 15:47

ویب ڈیسک

  پی پی کے لانگ مارچ کو راولپنڈی میں خوش آمدید کہیں گے، حکومت مارچ کے 60،70 شرکا کو چائے پلائے گی

حزب اختلاف میں جن کا پیسہ بیرون ملک ہے وہ بے ہوش ہو رہے ہیں،پریس کانفرنس

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چو ہدری نے کہا ہے کہ فضل الرحمان کا چہرہ اترا ہوا ہے ،ساری کوششیں ناکام ہوں گی ۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی لانگ مارچ کو راولپنڈی میں خوش آمدید کہیں گے اور حکومت پیپلز پارٹی کے 60،70 شرکا کو چائے پلائے گی۔ چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی عوامی مارچ میچ ختم ہونے کے بعد راولپنڈی آئے۔انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک سے 23 مارچ پریڈ میں وفود آئیں گے جبکہ پاکستان میں اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی)کا اجلاس ہونے جا رہا ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی پہلی بار ملک کے اندر ہی بن رہی ہے۔  انہوں نے کہا کہ روس یوکرین پر پاکستان کا موقف واضح ہے اور وزیر اعظم نے کبھی بھی فوجی حل کی حمایت نہیں کی جبکہ ہم کسی کے ساتھ خراب تعلقات کے خواہاں نہیں ہیں۔ وزیر اعظم نے کچھ روز قبل روسی ٹی وی سے انٹرویو میں موقف بھی دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان اور مسلم امہ کے لیڈر ہیں۔ 48 گھنٹے کا کہا گیا تھا لیکن 72 گھنٹے ہو گئے اور عدم اعتماد نہیں آئی۔ عدم اعتماد حزب اختلاف کا وہ بچہ ہے جو کہیں کھو گیا ۔ افسوس ہے ذوالفقار بھٹو کی جماعت ایک صوبے کی جماعت رہ گئی، اب پیپلز پارٹی زرداری خاندان سے واپس لے لینی چاہئے ۔انہوںنے کہا کہ فضل الرحمان کا چہرہ اترا ہوا ہے اور حزب اختلاف کی کوششیں ناکام ہوں گی۔ حزب اختلاف میں جن کا پیسہ بیرون ملک ہے وہ بے ہوش ہو رہے ہیں۔ جہانگیر ترین کے بیٹے سے والد کی صحت پر بات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور دھماکہ پر بھارت سے ہر پیغام آسٹریلیا ٹیم کو ٹیگ ہو رہا تھا۔ ہم کہتے ہیں مودی اپنے لوگوں کو اس طرح استعمال نہ کریں۔

مزیدخبریں