لاہور (این این آئی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام عورت کے حقوق کا سب سے بڑا ضامن ہے۔ معاشرہ میں حقوق و فرائض کے توازن کو قائم رکھنا مضبوط خاندان کی بنیاد ہے اور مضبوط خاندان ہی عورت کے تحفظ اور نسل نو کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔ پارلیمنٹ میں تحفظ نسواں کے متعدد بل منظور ہونے کے باوجود معاشرتی ناانصافیوں اور جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جماعت اسلامی عورتوں پر ظلم کے خلاف چوکوں، چوراہوں اور ایوانوں میں آواز بلند اور ان کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی 8مارچ کو عالمی یوم خواتین ملکی سطح پر منائے گی۔ اسلام آباد میں خواتین ریلی کی قیادت کروں گا۔ لاہور کراچی سمیت تمام صوبائی ہیڈکوارٹرز پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت ریلیاں، جلسے منعقد کیے جائیں گے۔ جب تک قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ میں شاہی گھرانوں کے شہزادے، شہزادیاں جائیں گے، خواتین سمیت کسی کو ان کے حقوق نہیں ملیں گے۔ معاشرہ کی عام عورت اور مرد ایوانوں میں پہنچیں گے تو عوام کے لیے مثبت فیصلے اور قانون سازی ہو گی۔ اس وقت ملک میں اندھیرنگری چوپٹ راج نظام رائج ہے۔ ان حالات میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جدوجہد اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ثمینہ سعید، عائشہ سید، عافیہ سرور، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، بیگم سراج الحق، ڈاکٹر حمیرا طارق، عطیہ نثار، بشریٰ صادقہ، سکینہ شاہد، تسنیم معظم، عالیہ منصور، رخشندہ منیب، ربیعہ طارق، تسنیم سرور اور شازیہ عبداللہ سمیت دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں۔
8مارچ کو عالمی یوم خواتین ملکی سطح پر منائیں گے: سراج الحق
Mar 05, 2023