لاہور (نامہ نگار + این این آئی)لاہور میں پتنگ بازوں کی طرف سے آج اتوار بسنت منانے کے اعلان کے بعد پولیس نے کارروائیوں کے لئے سخت ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ تھانوں کی سطح پر سپیشل ٹیمیں تشکیل دے کر پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز فوری پرچہ دینے کی ہدایت کر دی گئی۔ صوبہ بھر میں پتنگ بازی کے خلاف دفعہ 144نافذ ہے جس کی خلاف ورزی پر 3سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر کے حکم پر لاہور پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ افضال احمد کوثر نے پتنگ و ڈور مینوفیکچرر اور سیلرز کی ڈور ناکنگ کی ہدایت کر دی۔ ترجمان پولیس آپریشنز ونگ کے مطابق ریکارڈ یافتہ مجرمان سے ضمانتی مچلکے لئے جارہے ہیں۔ بلند عمارات سمیت پولیس ڈرونز کی مدد لی جائے گی۔ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور تھانوں کی گاڑیاں موثر گشت یقینی بنائیں۔ کیمیکل ڈور، پتنگ بنانے اور بیچنے والوں کو 6ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے۔ پولیس حکام نے شہریوں سے درخواست کی کہ والدین اپنے بچوں کو خونی کھیل سے روکیں۔ ادھر لاہور میں پولیس نے پتنگ فروش ڈیلرز اور پتنگ بازوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 187 افراد کو گرفتارکر لیا۔ ایس پی کینٹ اویس شفیق کا کہنا ہے کہ لسٹڈ و ریکارڈ یافتہ11 پتنگ فروش ڈیلر اور31 پتنگ باز کو گرفتارکیا گیا جن میں رفیق، کاشف، عثمان، عمر، کبیر وغیرہ شامل ہیں۔ ملزموں سے 2423 پتنگیں، 47ڈور کی چرخیاں، 55ڈور کی پینیاں برآمد کی گئیں جبکہ ہزاروں پتنگیں بنانے والا خام مال بھی برآمد کر لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے مختلف علاقوں میں پتنگیں سپلائی کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ جن پر مقدمات درج کرلئے گئے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے خبردار کیا ہے کہ بسنت منانے کی افواہیں پھیلانے والے پتنگ بازوں اور شرپسند عناصر کے خلاف لاہور پولیس نے کمر کس لی ہے۔ پتنگ باز کان کھول کر سن لیں کہ لاہور میں کسی صورت بسنت جیسی خونی سرگرمی کی اجازت نہیں دیں گے۔ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے، یہ بات کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ایس پیز، ایس پی ڈولفن سکواڈ اور متعلقہ پولیس افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف جاری لاہور پولیس کے انسدادی اقدامات کا جائزہ لیا اور انہوں نے ڈویژنل ایس پیز کو پتنگ بازوں، سیلرز اور مینوفیکچررز کے خلاف اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر187 ملزمان گرفتار کر کے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کئے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق خصوصی مہم کے دوران 143پتنگ باز اور 34پتنگ فروش گرفتار کئے گئے جبکہ ملزمان کے قبضے سے 7366 پتنگیں، 276چرخیاں ڈور اور بھاری مقدار میں پتنگ سازی کا سامان برآمد کیا گیا۔ رواں سال اب تک پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 1474 ملزمان گرفتار کر کے 1466 مقدمات درج کئے گئے جبکہ ملزمان کے قبضے سے 15ہزار سے زائد پتنگیں، 1698 چرخیاں ڈور اور بھاری مقدار میں پتنگ سازی کا سامان برآمد کیا جا چکا ہے۔