سرائے مغل(نامہ نگار) کرنٹ لگا کر دریا سے بے رحمانہ طریقے سے غیر قانونی مچھلی پکڑنے والوں کا محکمہ فشریز کے افسروں پر حملہ ۔تشدد کرکے افسروں کے کپڑے پھاڑ دئیے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سرائے مغل کے نواحی گاوں ججہ کلاں میں چند لوگ دریائے راوی میں جنریٹر سے کرنٹ لگا کر کر غیر قانونی طور پر مچھلیاں پکڑ رہے تھے کہ مخبری پر محکمہ فشریز کے ملازمین سپروائزر محمد عمران اور محمد جاوید موقع پر پہنچے تو دیکھا کہ ملزموں نے جنریٹر چلا کر دریا میں تار کے زریعے کرنٹ لگا کر بے رحمانہ طریقے سے لاکھوں روپے کی مچھلیاں پکڑ رکھی ہیں۔ محکمہ فشریز کے افسروں نے روکا تو نامعلوم ملزمان غیر قانونی پکڑی گئی ایک لاکھ روپے کی مچھلی اٹھا کر فرار ہو گئے جبکہ ان کے ساتھیوں عارف ماچھی،اقبال ماچھی،مشتاق ماچھی،وحید اور چار نامعلوم نے افسران عمران اور جاوید پر حملہ کر دیا اور مار مار کر لہو لہان کرکے ان کے کپڑے پھاڑ دئیے ۔ عمران کی درخواست پر تھانہ سرائے مغل میں مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ عوامی سماجی رہنمائوں اورچوہدری عبدالناصر نے کرنٹ لگا کر مچھلیاں پکڑنے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔