لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست گزار وکیل ندیم سرور نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ پیشی پر انتظامی جج کا حکم نہیں مانا ہے۔ انتظامی جج جسٹس عابد عزیز شیخ نے عمران خان کی گاڑی بیریئر تک آنے کی اجازت دی تھی۔ عمران خان کی گاڑی ہائیکورٹ کے احاطہ میں عدالتوں کے سامنے بڑی دیر تک کھڑی رہی ہے۔ عمران خان جتھوں کے ساتھ عدالتوں میں داخل ہو کر عدلیہ کی توہین کے بھی مرتکب ہوئے ہیں۔ فیصلے بھی سوشل میڈیا پر متنازع بنانے کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دینے پر ججوں کے خلاف مہم چلائی گئی۔ سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچانا اور نعرے بازی کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہونا توہین عدالت ہے۔ جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پر منصوبہ کے تحت حملہ کیا گیا جس کے ماسٹر مائنڈ عمران خان تھے۔ استدعا ہے کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
عمران توہین عدالت
لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
Mar 05, 2023