اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امید علی بلوچ کی عدالت نے شوکت خانم ہسپتال سے متعلق الزامات پرسابق وزیر اعظم عمران خان کا خواجہ آصف کے خلاف دس ارب ہرجانہ کیس میں سماعت ملتوی کردی گئی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے وکیل عابد فاروق جبکہ خواجہ آصف کی جانب سے عمار ضیاء الدین ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے،عمران خان کے وکیل نے کہاکہ مناسب تاریخ دی جائے ہم جرح کے لئے تیار ہیں،جیل بھرو تحریک میں اسد عمر ودیگر کی رہائی کل شام ہوئی ہے،اس لئے اپنے موکل سے رابطہ نہیں ہو سکا، عدالت نے کہا کہ تاریخ دے رہے ہیں مگر اس میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے، عدالت نے آئندہ سماعت خواجہ آصف پر جرح کیلئے مقرر کردی اور سماعت18 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ سماعت پر کیس کا جلد فیصلہ کرنے کی استدعا بھی کر رکھی ہے، عمران خان پر ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی گئی تھی جبکہ آئندہ سماعت پر خواجہ آصف کے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا امکان ہے۔