راولپنڈی(محبوب صابر/ جنرل رپورٹر )جیلوں میں پابند سلاسل قیدیوں کی سکریننگ کیلئے 300مشینیں خرید لی گئی، ہسپتالوں کے میڈ یکل سپرنٹنڈنٹس کی کارکردگی جانچنے کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسروں کو ہدایات جاری کر دی گئی، سی ٹی سکین کی سہولتیں مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،یہ ہدایات محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے 10 ویں سی ای اوز ہیلتھ کانفرنس میں دی گئیں جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصراور صوبائی وزیر پروفیسر جاوید اکرم نے کی، تمام سی ای اوز ہیلتھ کی فروری 2023 کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ مختلف ہسپتالوں کا دورہ کرتے ہوئے معلوم ہوا کہ ایم ایس کا مریضوں کے ساتھ رویہ انتہائی افسوسناک ہے،دفتر میں نہ بیٹھیں ہسپتال کا وزٹ کرکے ایشوز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں،انہوں نے سی اوز ہیلتھ کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں کی کارکردگی باقاعدہ مانیٹر کریں،صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہسپتالوں کے انٹری پوائنٹس پر ادویات کی تفصیل آویزاں کی جائیں ،انہوں نے میڈیکل افسران کو پتھالوجی سے متعلق ٹریننگ کروانے کی بھی ہدایت کی، ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ شائستگی کا رویہ اپنایا جائے، اگلے ہفتہ سے مدارس اور پریس کلبوں میں میڈیکل سکریننگ کیمپ لگائے جارہے ہیں،صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری سطح پر نظام صحت مضبوط ہوتو ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کافی حدتک کم ہوسکتا ہے،میڈیکل سٹاف کالج حال ہی میں قائم کردیا گیا جہاں ایم ایس، سی اوز اور پرنسپل حضرات کو ہاسپٹل اینڈ ہیلتھ مینجمنٹ اور میڈیا مینجمنٹ کے کورسز پڑھائے جائیں گے،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر علی جان نے کہا کہ ہسپتالوں میں سی ٹی سکین سہولیات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،12 مارچ سے 52000 قیدیوں کی سکریننگ شروع کردی جائے گی، 300 الٹراساؤنڈ مشینیں خرید لی گئی ہیں۔
قیدیوں کی سکریننگ کیلئے 300مشینیں خرید لی گئی
Mar 05, 2023