کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینیٹ کے ڈیفنس کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی بحران مغربی ممالک کی جانب سے پاک چین تعلقات اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کے لئے ہے۔ آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا ہے اس کا اثر سی پیک اور پاک چائنا دوستی پر نہیں پڑنا چاہیے ، پاکستان کو چین سے دوستی کو مضبوط رکھنے کے ساتھ ساتھ روس اور ایران سے بھی تعلقات رکھنے چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔مشاہد حسین نے کہا کہ سعودی عرب، بھارت اور دیگر ممالک اپنے ملکی مفادات میں اپنی خارجہ پالیسی پر کام کر رہے ہیں، بھارت روس اور ایران سے تیل لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے جو سرد جنگ روس کے خلاف کی ہمیں اس کا حصہ نہیں بننا چاہیے تھا، افغانستان کے جو بھی طالبان اور غیر طالبان قیادت رہی ہے وہ سب سے پہلے افغانی ہے، افغانستان کو اپنا حصہ یا صوبہ سمجھنے کے بجائے اس کی آزاد خودمختار ملک کی طرح ڈیل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب ان کا پرانا گھر رہا ہے، جس کی صحافتی آزادی اور جمہوری جدوجہد میں ملک بھر کے اندر منفرد کردار رہا ہے، وفاقی حکومت کو بھی اس کلب کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔