آج اِن فارم یونائیٹڈ اور مشکلات میں گھرے گلیڈیئٹرز ٹکرائیں گے

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 میں آج ان فارم اسلام آباد یونائیٹڈ اور مشکلات میں گھرے کوئٹہ گلیڈیئٹرز پنڈی اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گے۔ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کا پہلا مرحلہ اختتام کی جانب گامزن ہے۔ لاہور قلندرز پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے جب کہ آئندہ میچز اگلی تین ٹیموں کا فیصلہ کریں گے۔ آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ان فارم اسلام آباد یونائیٹڈ اور مشکلات میں گھری کوئٹہ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔گلیڈیئٹرز کو اگر پلے آف میں جانا ہے تو اسے میدان میں جان لڑانی ہوگی اور جیت کا نہ رکنے والا سلسلہ آج سے شروع کرنا ہوگا۔رواں ایونٹ میں اسلام آباد کی پوزیشن مستحکم ہے۔ اب تک کھیلے گئے 6 میچز میں سے چار میں فاتح رہی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ اِن فارم یونائیٹڈ آج کا میچ جیت کر پلے آف میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن سکتی ہے۔دوسری جانب کوئٹہ گلیڈیئٹرز کی ٹیم پے درپے شکستوں کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہے۔ یہ اپنے کھیلے گئے 6 میچز میں سے صرف ایک میں ہی فتح یاب ہوسکی ہے اور 2 پوائنٹ کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری نمبر پر ہے۔ آج کی شکست اس کے اگلے مرحلے میں رسائی کو مزید مشکل بنا سکتی ہے۔پی ایس ایل 8 کے پلے آف میں جانے کیلیے گلیڈی ایٹرز کو اپنے بقیہ 4 میچز جیتنا ضروری ہوگا اور صرف یہی کافی نہیں ہوگا بلکہ دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی کوئٹہ کو انحصار کرنا ہوگا۔پی ایس ایل میں دونوں ٹیموں کے باہمی مقابلوں پر نظر ڈالی جائے تو دونوں ٹیمیں اب تک 16 بار ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتری ہیں اور دونوں ٹیموں نے 8 آٹھ میچز جیت رکھے ہیں۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔ پی ایس ایل کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن