اداکار سمیع خان سے ’تنقیدی‘ سوالات، شوبز شخصیات کا کامیڈین سےمعافی کا مطالبہ

Mar 05, 2023 | 14:58

اداکار سمیع خان کو حال ہی میں ایک ٹاک شو میں ’مضحکہ خیز‘ اور ’تنقیدی‘ سوالات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد دیگر شوبز شخصیات سمیع خان کی حمایت میں سامنے آ گئیں۔

دو روز قبل معروف میزبان اور اداکار فہد مصطفیٰ کا پروگرام ’ڈی فورتھ امپائر‘ میں اداکار سمیع خان اور مو مل شیخ نے شركت کی، پروگرام کے دوران کامیڈین شیخ قاسم نے اداکار سمیع خان سے سوال پوچھا کہ اس میں کوئی حرج نہیں کہ آپ بہت اچھے لگ رہے ہیں، لیکن آپ مجھے بتائیں کہ آپ کی فلمیں ہٹ کیوں نہیں ہو پاتیں؟اس کی وجہ کیا ہے؟جس کے جواب میں اداکار سمیع خان نے کہا کہ ’نہیں جناب، فلمیں ہمیشہ ہٹ ہوئیں ہیں جن میں سلاخیں اور رانگ نمبر 2 شامل ہے‘ لیکن کامیڈین اس پرمطمئن نہ ہوسکے۔کامیڈین نے کہا کہ رانگ نمبر 2 زیادہ ہٹ نہیں ہوئی بلکہ رانگ نمبر 1 نے زیادہ پزیرائی سمیٹی’ جس پر سمیع خان نے وضاحت دیتے احتجاجاً کہا کہا کہ نہیں، رانگ نمبر 2 نے بھی بہت زیادہ بزنس کیا تھا، جس پر فہد مصطفیٰ نے بھی سمیع خان سے اتفاق کیا۔تنقیدی سوالوں کا سلسلہ یہاں نہیں رکا بلکہ کامیڈین نے یہاں تک سوال کرڈالا کہ آپ کام زیادہ کرتے ہیں اور معاوضہ کم لیتے ہیں وجہ کیا ہے؟ جس پر میزبان فہد مصطفیٰ نے بھی شیخ قاسم کو ٹوکا کہ کیا تم ان کے منیجر ہو؟ مسئلہ کیا ہے؟ کیاکوئی ڈھنگ کا سوال بھی ہے؟۔اسی دوران کامیڈین نے ایک سوال کیا کہ خلیل الرحمن قمر نے ایک فلم بنائی جس کا نام کاف کنگنا تھا، اس میں آپ کو کاسٹ کیا گیا لیکن وہ فلم بھی فلاپ ہو گئی، آپ اس بارے میں کیا کہیں گے؟یہی نہیں بلکہ کامیڈین نے اگلاسوال پوچھا کہ ایک اداکارہ آپ کے ساتھ کام کرنے سے منع کرچکی ہیں جس کی وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ آپ ’انکل‘ ہیں، یہی نہیں ایک بہت بڑے ڈائریکٹر نے آپ کو ڈانٹا تھا جس پر آپ نے معافی مانگی تھی، کیا یہ صحیح ہے ؟ ان ڈائریکٹر کا نام K سے شروع ہوتا ہے۔جس پر سمیع خان نے تحمل سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ خلیل الرحمن قمر ہیں، لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا، اگر ایسا ہوا بھی تو خلیل الرحمن قمر بڑے ہیں اگر وہ ڈانٹیں گے میں انہیں تب بھی سوری کردوں گا، کیونکہ مجھے یہی سکھایا گیا ہے۔شوبز شخصیات اداکار سمیع خان کی حمایت میں سامنے آ گئیں .یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عائشہ عمر، منیب بٹ،ارمینہ خان، منشا پاشا سمیت دیگر کئی شوبز شخصیات اداکار سمیع خان کی حمایت میں سامنے آتے ہوئے کامیڈین شیخ قاسم سے معافی کا مطالبہ کیا۔اداکار منیب بٹ نے لکھا کہ ’سمیع خان ایک لاجواب فنکار اوربہترین اداکار ہیں، کسی کو حق نہیں کہ وہ ان کی اس طرح توہین کرے، شیخ قاسم کے اس عمل کی میں شدید مذمت کرتا ہوں، کامیڈین کو معافی مانگنی چاہیے!‘اداکارہ ارمینہ خان نے لکھا کہ سمیع خان بہترین اداکار کے ساتھ شریف اور میرے پسندیدہ ساتھی اداکاروں میں سے ایک ہیں، پروگرام کی دوران ان کی بے عزتی ہونے کی باوجود انہوں نے تحمل سے کام لیا، سمیع تم بہترین ہو۔سابق اداکارہ عائشہ ملک نے کہا کہ یہ بلکل بھی مزاحیہ نہیں ہے، سمیع ایک لاجواب اداکار ہے، ان کے ساتھ کام کرکے بے حد خوشی ہوئی وہ ایک بہترین انسان ہیں، ایسے پروگرام کو سیکھنا چاہیے کہ اداکاروں کے ساتھ کس حد تک رہنا ہے۔اداکارہ عائشہ عمر نے لکھا کہ یہ دیکھ کر بالکل اچھا نہیں لگا، سمیع خان ایک بہترین، مہذب، پیشہ ور، خوش مزاج اداکار ہیں، اپنے مہمانوں یا کسی بھی شخص کو ڈی گریڈ کرنا مذاق نہیں ہوتا، اگر وہ کامیاب نہیں ہوتا تو شو کے مہمانوں کی فہرست میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا۔اداکارہ سعدیہ خان نے بھی تنقید کرتے ہوئے کہا، ’یہ کامیڈین فضول باتیں کر رہا ہے، سمیع کی اپنی ایک پہچان ہے اور وہ سب سے زیادہ قابل احترام اور مشہور اداکاروں میں سے ایک ہیں، ان کی فلمیں فلاپ ہیں یا نہیں یہ فیصلہ کرنے والا آپ کوئی نہیں ہے، کیا یہی وجہ ہے کہ آپ اپنے شو میں مشہور شخصیات کو بلاتے ہیں؟ ان کی توہین کرتے ہیں؟ یہ ٹی آر پی حاصل کرنے کا طریقہ ہے اور کچھ نہیں!اداکارہ منشا پاشا نے لکھا کہ اس بارے میں کچھ نہ کہنے کی کوشش کر رہی تھی صرف اس لیے کہ میں جانتی ہوں کہ سمیع کے میں جانتی ہوں، وہ کبھی نہیں چاہے گے کہ اس کمیڈین کا مذاق بنایا جائے حالانکہ اس پروگرام میں سمیع خان کا مذاق بنایا گیا ہےانہوں نے مزید کہا کہ سمیع میرے پسندیدہ اداکاروں میں سے ایک ہیں اور ایک اچھے دوست ہیں، وہ سیٹ پر ہر کسی کے ساتھ بہت شائستگی سے بات کرتے ہیں اور مہربان ہیں! ان کے کیریئر کو ایک طرف رکھتے ہوئے، یہ کلپ ظاہر کرتا ہے کہ سمیع خان اس ’کامیڈین‘ سے کہیں زیادہ بہتر آدمی ہیں، میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میں نے ان کے ساتھ کام کیا۔اس کی علاوہ اداکارہ غنا علی، زالے، متھیرہ، عدنان صدیقی، رمشا خان نے بھی اداکار سمیع خان کی حمایت کی دوسری جانب اداکار سمیع خان کی جانب سے بھی ایک انسٹا اسٹوری سامنے آئی جس میں انہوں نے قرآنی آیت شیئر کی جس میں درج تھا کہ ’اللہ جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت دے‘۔انہوں نے کہا کہ کامیابی اور ناکامی لوگوں کے نہیں اللہ کے ہاتھ میں ہے، اگر وہ آپ کے ساتھ ہے تو کوئی آپ کو نقصان نہیں پہنچاسکتا۔

مزیدخبریں