اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+خبر نگار خصوصی) بیورو کریسی میں تقرر و تبادلے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 21 کے افسر اسد رحمان گیلانی کو وزیراعظم کا پرنسپل سیکرٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل اسد الرحمان گیلانی ایڈیشنل سیکرٹری انچارج پاورڈویژن ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔ دوسری طرف لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد چراغ حیدر کو سیکرٹری دفاع تعینات کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ چراغ حیدر کو سیکرٹری دفاع تعینات کر دیا۔ ان کی تعیناتی دو سال کے لیے کی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔