شیخوپورہ+فیروزوالا (نامہ نگارخصوصی+نامہ نگار) سی آئی اے پولیس کے تشدد سے ہلاک ہونے والے چار بچوں کے باپ رکشہ ڈرائیور محمد عادل کے ورثاءنے پولیس کیخلاف لاہور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لواحقین میں خواتین، بزرگ اور بچے بھی شامل تھے۔ احتجاج کے دوران شدید سینہ کوبی کی اور پولیس کی رشوت ستانی کے خلاف دھرنا بھی دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شیخوپورہ زاہد نواز مروت کے حکم پر سی آئی اے سٹاف شیخوپورہ کے 3ملازمین کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا جن میں اے ایس آئی میاں عمران اور دو نامعلوم پولیس ملازمین شامل ہیں۔ لواحقین نے کہا کہ سی آئی اے پولیس نے محلہ غریب آباد کے رہائشی چار بچوں کے باپ محمد عادل کو ایک مقدمہ میں گرفتار کیا اور اے ایس آئی عمران نے ان سے 5لاکھ روپے رشوت طلب کی، ایک لاکھ روپے ادا کر دیا مگر پولیس اہلکار مزید چار لاکھ روپے کا تقاضا کر رہے تھے۔ مزید رشوت نہ دینے پر سی آئی اے سٹا ف کے اہلکاروں نے عادل پر شدید تشدد کیا۔ جب اس کی حالت غیر ہوئی تو اس کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم تو ڑ گیا۔