پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی نے رواں ماہ مارچ کے دوران صوبائی محکمہ جات کے اخراجات کےلئے 1 کھرب 59 ارب 50 کروڑ 14 لاکھ 37 ہزار روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی۔ پیر کے روز سپیکر بابر سلیم سواتی کے زیرصدارت صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے د ستورکی شق 125 کے تحت حساب پر رائے شماری کےلئے ایوان میں اسمبلی کے قواعد انضباط و طریقہ کار کے قاعدہ 150کے مطابق تحریک پیش کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی احمدکنڈی نے اپنی نشست پر کھڑے ہوکر ایوان کو بتایا کہ جب بھی کوئی مالی امور سے متعلق تحریک ایوان میں لائی جاتی ہے تو یہ صوبائی حکومت کی سفارش کے بغیر نہیں آ سکتی لیکن صورتحال یہ ہے کہ ابھی کیبنٹ نہیں بنی جبکہ صوبائی حکومت کا مطلب وزیراعلیٰ اور کابینہ ارکان ہیں۔ تحریک کی منظوری کا یہ عمل غیر دستوری ہو گا۔ اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ نے کہاکہ اگر ایک کام آئین کے مطابق ہو سکتا ہے توکیوں اس پر عمل نہیں ہو رہا۔ خیبر پی کے اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم سواتی نے اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت تک کےلئے ملتوی کر دیا، پیر کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران مسند نشین، پٹیشن کمیٹی کی تشکیل دے دی گئی۔