شہباز شریف کو مبارک باد، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کرنا چاہیے تھا، اختر مینگل 

اسلام آباد (این این آئی)بلوچستان عوامی پارٹی (بی این پی)کے سربراہ اختر مینگل نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کرنا چاہیے تھا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ سب سے پہلے میں محمود خان اچکزئی کے گھر پولیس ریڈ کی مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ امید تھی کہ وزیرِ اعظم پابند سلاسل صحافیوں کی رہائی کا اعلان کریں گے، صحافی قلم کے ذریعے ہمیں راہِ راست دکھانے کی کوشش کرتے ہیں، بلوچستان میں ہم سیاسی نہیں جنگی قیدی ہیں، سیاسی قیدیوں کی رہائی فوری عمل میں لائی جائے، امید تھی کہ وزیرِ اعظم صحافی اسد طور اور عمران ریاض کی رہائی کا اعلان کریں گے۔اختر مینگل نے کہاکہ گوادر جس کے نام پر سی پیک بنایا گیا ہے، وزیرِ اعظم صاحب وہ جھومر ڈوب گیا ہے، لوگوں کے ریسکیو کے لیے ہیلی کاپٹر بھیج دیتے تو بہتر ہوتا، میں نے کیئر ٹیکر حکومت کا نام انڈر ٹیکر رکھا تھا۔بی این پی کے سربراہ نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین اور بچے کچھ ڈھونڈنے دارالخلافہ آئے تھے، اسلام آباد کی سرد راتوں میں ان کا استقبال ٹھنڈے پانی سے کیا گیا، ان عورتوں اور بچوں کے ساتھ جو سلوک کیا گیا، ان عورتوں بچوں کا جو کوئٹہ میں استقبال کیا گیا دیکھ لیا۔انہوںنے کہاکہ یہ جو شور شرابا ہو رہا ہے ہم جمہوریت کی قبر پر فاتحہ پڑھ رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن