شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری کی موجودگی سے انکار کرنے والی اداکارہ درِفشاں سلیم نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں بڑے پردے سے انٹری دینی تھی تاہم کسی وجہ سے اس پروجیکٹ پر کام نہیں ہوسکا تو انہوں نے ڈراموں سے انڈسٹری میں قدم رکھ دیا۔
حال ہی میں اپنے ڈرامہ سیریل ’عشق مرشد‘ اور ’خئی‘ کی شاندار کامیابی کے بعد اداکارہ نے نجی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے پہلے سیریل اور آنے والے پروجیکٹس کے ساتھ ساتھ بڑے پردے پر ڈیبیو کے بارے میں بھی کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ اداکاری کے شعبے میں میرا ڈیبیو ایک ایسی فلم سے ہونا تھا جس میں خواتین کو قابل اعتراض کردار میں دکھایا جانا تھا، اس لیے میں اس فلم سے پیچھے ہٹ گئی تھی۔ انہوں نے فلم کا نام لیے بغیر کہا کہ شکر ہے کہ میں نے ایسی فلم نہیں کی اور وہ کسی دوسری اداکارہ کے ساتھ عکس بند کی گئی اور پھر ریلیز ہوئی۔
اداکارہ نے کہا کہ میں کبھی کسی ایسی فلم میں کام نہیں کرنا چاہتی جس میں خواتین کو قابل اعتراض کرداروں میں دکھایا جائے یا فلموں میں آئٹم سانگس ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ کسی ایسی فلم کا حصہ بنیں جس میں اپنے سماج کی کہانیوں کو پیش کیا جائے۔
درِفشاں سلیم نے واضح کیا کہ وہ فلموں میں گانوں اور ڈانس کے خلاف نہیں ہیں بلکہ وہ خود بھی کتھک ڈانسر ہیں لیکن وہ کسی صورت میں آئٹم سانگ کی حمایت نہیں کریں گی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایک اور فلم سائن کر رکھی ہے لیکن انہوں ںے اس کا بھی نام نہیں بتایا اور نہ ہی یہ بتایا کہ وہ کب تک ریلیز ہوگی۔
ڈراما ’عشق مرشد‘ ، ’خئی‘ اور ’جیسی آپ کی مرضی‘ میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ درِفشاں کا شمار انڈسٹری کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے