ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی نشاندہی کیلئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ

Mar 05, 2024 | 17:58

 پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی نشاندہی کیلئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت موٹرسائیکل ہیلمٹ اور گاڑی میں سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر ای چالان ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ لاہور میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ 

سی ٹی او عمارہ اظہرنے ٹریفک مینجمنٹ پروگرام پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی نشاندہی کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں موٹر سائیکل کا ہیلمٹ اور گاڑی میں سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے ذریعے ای چالان ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں ٹریفک قوانین کی 24 خلاف ورزیوں پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے ذریعے چالان شروع ہوگا۔اجلاس میں ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لئے 31 مقامات پر عارضی تجاوزات فوری طور پر ہٹانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ کسی غریب کی ریڑھی نہ اٹھائی جائے، ریڑھیاں کھڑی کرنے کے لئے لائن لگا دی جائے۔ لاہور میں 82 مقامات پر روڈز انجینئرنگ اور ڈیزائننگ کی اجازت دی گئی، اجلاس میں لاہور میں 28 مقامات پر سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح 88 مقامات پر ون وے کی خلاف ورزی روکنے کے لئے ٹائر کلر لگائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹریفک جام کی صورت میں وارننگ کے لئے سکرینیں نصب کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لئے سختی کرنا پڑی تو کریں گے، کسی بے گناہ کی جان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ لوگوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والوں سے رعایت نہیں کی جائے گی۔ مہذب معاشرے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو اچھا نہیں سمجھا جاتا۔ آئی جی پولیس، سی سی پی لاہور، کمشنر لاہور، سی پی او لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، چیف انجینئر ایل ڈی اے، چیف انجینئرٹیپا اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

مزیدخبریں