وزارت پانی وبجلی کے مطابق بجلی کی ملک بھر ميں طلب پندرہ ہزارچارسوميگاواٹ اور اس کی پيداوار گیارہ ہزار دو سو ترانوے ميگاواٹ ہے جس کے باعث شارٹ فال چار ہزارایک سو سات میگاواٹ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ ملک میں پن بجلی کی پیداوار تین ہزارچھ سواٹھارہ ميگاواٹ،تھرمل دو ہزارپانچ سودو ميگاواٹ ہے جبکہ آئی پی پيزپانچ ہزارایک سو ایک ميگاواٹ بجلی پيدا کررہی ہيں ۔ ذرائع کے مطابق پاور سيکٹر کو مطلوبہ مقدار میں فرنس آئل فراہم نہيں کيا جارہا ۔ پاور سيکٹر ميں فرنس آئل کی پینتیس ہزار ميٹرک ٹن طلب کے مقابلے ميں بائیس ہزارميٹرک ٹن فرنس آئل فراہم کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی ہے ۔ اس صورتحال کے پیش نظر شہری اوردیہی علاقوِں میں بارہ سے اٹھارہ گھنٹے تک بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور ، فیصل آباد ، شیخوپورہ ، گوجرانوالہ ، ملتان اور پنجاب کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں دس سے چودہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔ بلوچستان کے بعض شہروں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ بیس گھنٹے تک پہنچ گیا ہے ۔ ادھر سندھ میں سکھر، ٹنڈوآدم ،جیکب آباد سمیت گردونواح کے علاقوں میں بارہ سے سولہ گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے شہری علاقوں میں بارہ سے چودہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔