الیکشن ڈیوٹی کیلئے لسٹیں نہ دینے پر 8 محکموں کے سربراہوں کو گرفتار کرنے کا حکم‘ سیشن جج نے ایس ایس پی آپریشن کو 8 افسروں کو گرفتار کرکے آج عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ گذشتہ روز ڈی آر او کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی جی نیب‘ جی ایم سوئی گیس‘ ڈی جی انٹیلی جنس انویسٹی گیشن لاہور‘ اکا¶نٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو‘ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ‘ سیکرٹری پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ اور ڈائریکٹر انٹیرئیر ریجنل لاہور کے سربراہوں نے ابھی تک الیکشن ڈیوٹی کیلئے اپنے عملے کی لسٹیں فراہم نہیں کی ہیں۔ دریںاثناءایک ہزار کے قریب ایسے سرکاری ملازمین کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں جو دانستہ الیکشن ڈیوٹی انجام دینے سے انکاری ہیں اور غیر حاضر ہیں۔ الیکشن کے موقع پر سرکاری ادارے ہمیشہ الیکشن کمیشن کے طلب کرنے پر اپنے ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی انجام دینے کیلئے بھیجتے ہیں جو انکی چند روزہ تربیت بھی کرتا ہے۔ اس الیکشن میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر کئی علاقوں میں ملازمین نے جان کے خطرے کے پیش نظر ڈیوٹی سرانجام دینے سے انکار کیا ہے تو حکومت کا فرض ہے کہ وہ پرخطر علاقوں میں ڈیوٹی انجام دینے والے پولنگ عملہ کی حفاظت کا خاطر خواہ بندوبست کرے تاکہ وہ بلاخوف و خطر اپنے فرائض سرانجام دیں۔ اسکے باوجود بھی اگر کوئی ادارہ یا سرکاری ملازم حکومت کے احکامات کی تعمیل سے انکار کرتا ہے تو ان کیخلاف قانونی کارروائی کرنا حکومت کا قانونی حق ہے۔ سرکاری ملازمین بھی اس نازک وقت پر ہونیوالے الیکشن میں حکومتی احکامات کی پاسداری کریں اور اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے انجام دیں۔ یہ وقت کا تقاضہ اور انکی ذمہ داری بھی ہے۔