لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور این اے 125 سے امیدوار خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تیرانداز اور بلے باز دونوں شعبدہ باز آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ بلے کے پلے ایک دھیلے کی کارکردگی نہیں مگر اناڑی کھلاڑی محض بلند بانگ دعووں اور جعلی وعدوں کی بنیاد پر اقتدار مانگ رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کا شیر ملک و قوم کا محافظ ہے۔ اناڑی اور مداری دونوں اتحادی کی حیثیت سے مسلم لیگ (ن) کا ووٹ توڑنے کے لئے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ ہمارا ووٹر چٹان کی طرح ہمارے ساتھ کھڑا ہے اور وہ 11مئی کو شیر کے نشان پر مہر لگائے گا۔ پاکستان کا پیسہ ہڑپ کرنے والے زرداریوں، حواریوں اور اناڑیوں کو عوام کسی قیمت پر ووٹ نہیں دیں گے۔ ہم 11مئی والے دن حق و باطل کے درمیان تاریخی معرکہ جیت کر حالات کے جبر کا رخ موڑ دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے سوا کوئی جماعت دہشت گردی کا ڈنگ نہیں نکال سکتی۔
بلے کے پلے ایک دھیلے کی کارکردگی نہیں: خواجہ سعد رفیق
May 05, 2013