لاہور (فرخ سعید خواجہ) پاکستان کی سیاست میں ہمیشہ نامور خاندانوں کا کردار رہا ہے۔ قیام پاکستان سے پہلے بھی جاگیردار، زمیندار اور سرمایہ دار گھرانوں کے امیدوار میدان میں اترتے تھے سو آج بھی یہ ریت قائم ہے۔ جوجماعتیں نئے پاکستان کی دعویدار ہیں ان کے عہدیداران کے عزیز رشتے دار بھی عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جن میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان این اے 71 میانوالی اور ان کے سگے چچازاد بھائی نجیب اللہ خان این اے 73 میانوالی سے امیدوار ہیں۔ تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی این اے 149 ملتان اور ان کی صاحبزادی میمونہ ہاشمی پی پی 202 ملتان سے امیدوار ہیں۔ تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر محمود الرشید، پی پی 151 لاہور اور ان کے داماد اکرم عثمان پی پی 149 لاہور سے امیدوار ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف این اے 120 لاہور ان کے بھائی شہبازشریف این اے 129 لاہور اور بھتیجے حمزہ شہباز شریف این اے 119 لاہور اور بیگم کلثوم نواز کے بھتیجے محسن لطیف پی پی 147 سے امیدوار ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق این اے 125 لاہور سے ان کے چھوٹے بھائی پی پی 152 لاہور سے امیدوار ہیں۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دو صاحبزادے عبدالقادر گیلانی این اے 151 اور موسیٰ گیلانی این اے 148 ملتان جبکہ ان کے بھائی مجتبٰی گیلانی صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہیں۔ گورنر پنجاب احمد محمود کے دو صاحبزادے مصطفےٰ محمود این اے 195 اور مرتضٰی محمود این اے 197 رحیم یار خان سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ مسلم لیگ پنجاب کے سینئر نائب صدر جعفر اقبال کی صاحبزادی زیب جعفر اور بھانجی مائزہ حمید خواتین کی مخصوص نشستوں اور صاحبزادے عمر جعفر پی پی 293 رحیم یار خان سے امیدوار ہیں ۔مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ذوالفقار کھوسہ پی پی 243 ڈی جی خان اور ان کے صاحبزادے حسام کھوسہ پی پی 244 سے امیدوار ہیں جبکہ ان کا صاحبزادہ سیف الدین این اے 173 سے پیپلز پارٹی کا امیدوار ہے۔ مسلم لیگ (ن) پی پی ایک اہم رہنما تہمینہ دولتانہ این اے 169 وہاڑی اور ان کا صاحبزادہ عرفان عقیل پی پی 234 وہاڑی سے امیدوار ہیں ۔ ذوالفقار علی بھٹو کے بچوں، بھائیوں میں سے کوئی امیدوار نہیں البتہ ان کے داماد آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور این اے 207 گاڑکانہ اور دوسری بہن عذرا فضل این اے 213 نواب شاہ سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 29 خیرپور سے امیدوار ہیں جبکہ ان کی صاحبزادی نفیسہ شاہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدوار ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو این اے 146 اور این اے 147 کے علاوہ پی پی 187 اوکاڑہ سے امیدوار ہیں جبکہ دیگر ان کا صاحبزادہ خرم جہانگیر وٹو پی پی 188 اوکاڑہ اور صاحبزادی جہاں آراءوٹو پی پی 190 سے امیدوار ہیں۔ پیپلز مسلم لیگ کے سربراہ ارباب غلام رحیم این اے 230 تھرپارکر اور ان کے بھائی ارباب ذکاءاللہ این اے 229 تھرپارکر سے امیدوار ہیں۔ جمعیت علماءاسلام (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن این اے 24 ڈیرہ اسماعیل خان اور ان کے بھائی مولانا عطاءالرحمن این اے 25 ٹانک کی نشست سے امیدوار ہیں۔