اسلام آباد (آن لائن) بھارت میں عام انتخابات کے ماحول میں بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک ڈور ڈپلومیسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ پاکستان کے کئی رہنمائوں نے بھارت کی مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے کئے ہیں جن کی روشنی میں بھارت میں نئی حکومت کے قیام کے بعد اس سلسلے کو آگے بڑھایا جائیگا۔ باخبر ذرائع کے مطابق ان حلقوں کو حکومت کی مکمل حمایت بھی حاصل ہے، وہ اس حوالے سے حکومت کے اہم عہدیداروں کو لمحہ بہ لمحہ رپورٹ بھی دے رہے ہیں۔ ان رابطوں کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ بھارت کی تمام سیاسی جماعتوں سے قربت قائم کی جائے تاکہ انتخابات کے بعد آنیوالی حکومت سے معاملات طے کرنے میں آسانی ہو۔ واضح رہے کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط سمیت کئی عہدیدار باربار یہ کہہ چکے ہیں کہ حکومت پاکستان بھارت کی ہر آنیوالی حکومت کیساتھ ملکر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔