لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علما کونسل نے لاہور ہائیکورٹ اور چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 8 سالہ مسیحی بچی سائرہ کا مقدمہ دہشت گردی کی عدالت میں منتقل کرنے اور تیز تر ٹرائل کا حکم جاری کریں۔ یہ بات پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سیالکوٹ او ر ڈسکہ کے علما اور مسیحی برادری کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت مولانا میاں محمد راشد کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم مملکت میں غیر مسلموں کی جان ، مال ، عزت و آبرو کا تحفظ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے، پاکستان علما کونسل بین المسالک اور بین المذاہب مکالمے کے ذریعے اسے اجاگر کر رہی ہے۔ بچیوں کے ساتھ زیادتیوں کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، حکومت مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں ناکام نظر آ رہی ہیں۔ انہوں نے سائرہ کے کیس کی مانیٹرنگ کے لئے مسلم ، مسیحی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے جو ہر ہفتے کیس کے امور کے بارے میں پاکستان علما کونسل کے مرکزی دفتر کو آگاہ کرے گی۔