ڈیرہ اسماعیل خان(ثناء نیوز )چشمہ شوگر ملز کے زہریلے پانی میں دم گھٹنے سے جاںبحق محنت کشوں کے مقدمہ میں ملز مالک سابق وفاقی وزیر عباس سرفراز کو بھی نامزد کردیا، واقعہ کی ایف آئی آر میںقتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں ملز کے جنرل منیجر سمیت سات ملازمین کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ شدت اختیار کر گیا ہے سپریم کورٹ سے انسانی المیے کے ازخود نوٹس کی اپیل کردی گئی۔ پروآ پولیس نے جاںبحق افرادکی ایف آئی آر میں قتل کی دفعات بھی شامل کرلیں۔ جاںبحق افرادکے اعضاء کے نمونے ٹیسٹ کیلئے پشاور لیبارٹری بھجوا دیئے گئے موت کے اسباب کی تجزیاتی رپورٹ مرتب کی جائے گی۔ علاوہ ازیں خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی ہدایت پر کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان مشتاق جدون نے ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور محکمہ آبپاشی و دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ ان چار دیہات کا دورہ کیا جہاں کے لوگ شوگر ملز ٹو سے ملحقہ رمک نالے میں زہریلا مواد شامل ہونے کی وجہ سے متاثر ہوئے تھے۔ کمشنر نے عمائدین علاقہ اور متاثرہ خاندانوں کے گھروں پر جاکر ان سے ملاقات کی۔ جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو ایک ایک لاکھ جبکہ زخمیوں کو 50، 50 ہزار روپے نقد امداد دی جائے گی۔
ڈیرہ اسماعیل خان : نالے میں گرنے سے ہلاکتیں، مقدمہ میں قتل کی دفعات شامل، لواحقین کیلئے امداد کا اعلان
May 05, 2014