بے نظیر بھٹو ویمن ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ، زرعی بینک عمر ایسوسی ایٹس مشترکہ چیمپئن قرار

 لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) شہید بینظیر بھٹو ویمن ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا فائنل خراب موسم اور بارش کی نذر ہوگیا، زیڈٹی بی ایل اور عمرایسوسی ایٹ کو مشترکہ چیمپئن قرار دیدیا گیا۔ زرعی ترقیاتی بینک کی جویریہ خان پلئیر آف دی میچ اور پلئیر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائیں ۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے فائنل معرکے میں دفاعی چیمپئن زرعی ترقیاتی بینک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گیارہ اوورز میں ایک وکٹ پر 78 رنزبنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا۔ زیڈ ٹی بی ایل کی جانب سے اسماویہ اقبال 25 اور جویریہ خان26 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔عمرایسوسی ایٹ کی طرف سے ماہم طارق نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بارش کے باعث میچ دو گھنٹے تک رکا رہا تاہم گرائونڈ گیلا ہونے کی وجہ سے امپائرز نے میچ ختم کرکے دونوں ٹیموں کو مشترکہ چمیپئن قرار دیدیا۔زیڈ ٹی بی ایل کی کپتان ثناء میر، عمرایسوسی ایٹ کی قائد کائنات امتیاز اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ جویریہ خان کا کہنا تھا کہ فائنل مکمل نہ ہونے پر افسوس ہوا ، زیادہ ٹورنامنٹس کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا۔ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں پی سی بی ویمن ونگ چیئرپرسن بشریٰ اعتزاز اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ انتخاب عالم نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔زیڈ ٹی بی ایل اور عمرایسوسی ایٹ کو ڈیژھ ڈیڑھ لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی دی گئی۔

ای پیپر دی نیشن