چیئرمین پی سی بی مفاد پرست، کرکٹ کا کچھ علم نہیں: ظفر الطاف

May 05, 2014

لاہور (حافظ محمد عمران) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین زبان کے استعمال کے ماہر ہیں۔ کرکٹ کی روایات اور ضروریات سے ناواقف ہیں۔ یہ ایسے مفاد پرست ہیں جو مفادات کی خاطر کسی کو بھی غلط ثابت کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پی سی بی کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ظفرالطاف نے وقت نیوز کے پروگرام ’’گیم بیٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے معاملات کو چلانے کیلئے اس کی بنیادی چیزوں کا علم ہونا ضروری ہے۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ اپنے فیصلوں سے نظر آتا ہے۔ کمیٹیاں بنا کر ملبہ دوسروں کے کاندھوں پر ڈالنے سے بہتری کیسے ممکن ہے۔ حالیہ فیصلے خود بتا رہے ہیں کہ چیئرمین بورڈ کو کچھ علم نہیں ہے۔ان لوگوں سے اس وقت جان چھوٹے گی جب ٹیم کوئی بڑا ٹورنامنٹ ہارے گی۔ محکموں کی ٹیمیں ختم کرنے کے حوالے سے کہا کہ نجم سیٹھی کے پاس بہت پیسہ ہے۔ وہ اپنی جیب سے دے دیں۔ اس طرح کرکٹ کیسے چل سکتی ہے۔ بڑی سلیکشن کمیٹیاں بنانے سے بہتری ممکن نہیں ہے۔ کنڈیشنگ کیمپ کی ضرورت اس وقت ہوتی تھی جب انٹرنیشنل کرکٹ کم ہوتی تھی۔ آج لوگوں کو یہ سمجھ نہیں کہ کرکٹ ایک مائنڈ سیٹ کا گیم ہے۔ زبان بندی کیلئے عہدوں کی تقسیم کی جا رہی ہے۔ جیسے وہ خود آئے ہیں ویسے یہ دوسروں کو ذمہ داریاں دے رہے ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ ہی بے جان ہے۔ کرکٹ تجزیہ نگار چودھری محمد صدیق نے کہا کہ نجم سیٹھی نے نگران وزیراعلیٰ کی حیثیت سے انتخابات کروانے تھے وہ آج تک مشکوک ہیں۔ اب وہ چیئرمین کرکٹ بورڈ ہیں تو ملکی کرکٹ سے بہتری کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔  اہم عہدوں پر ماہر اور قابل افراد کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ بے جان ہے۔سمر کیمپ میں اانڈر  19ٹیم کے کھلاڑیوں کو نظرانداز کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

مزیدخبریں