اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفاقی پارلیمانی بورڈ برائے گلگت بلتستان برائے انتخابات جون 2015ء کا اجلاس مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پارلیمانی بورڈ کے وائس چیئرمین سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے کی۔ اجلاس میں پارلیمانی بورڈ کے ممبران مشاہد اللہ خان ،ماروی میمن ،چوہدری برجیس طاہر،کیپٹن محمد صفدر، وزیر اطلات و نشریات پرویز رشید، ڈاکٹر آصف کرمانی، حافظ حفیظ الرحمن، اشرف صدا اور شمس میر نے شرکت کی۔ راجہ محمد ظفر الحق، ماروی میمن اور حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت بلتستان کے معروضی انتخابی حالات اور مسلم لیگ (ن) کی انتخابی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں ممبران نے عوامی سروے، رپورٹس ،زمینی سیاسی و انتخابی حقائق اور دیگر اہم امور پر گفتگوکی ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی درخواستوں پر مختلف تجاویز کو زیر بحث لایا گیا ۔ پارلیمانی بورڈ نے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے لیے 60سے زائد درخواستوں پر امیدواروں کے سیاسی ،سماجی اور تعلیمی کوائف کو میرٹ کے باقاعدہ مستند کردہ اصولوں پر بحث کا حصہ بنایا ۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف کے خصوصی نمائندے ڈاکٹر آصف کرمانی نے تمام درخواستوں کے کوائف ،حلقہ جاتی سیاسی و انتخابی اثرات اور تقابلی انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا اور تجاویز پر مبنی رپورٹ وزیراعظم محمد نواز شریف کو پہنچا دی ہیں، وزیر اعظم آئندہ ایک دو روز تک رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ٹکٹوں کی حتمی منظوری دیں گے۔