ایتھنز( آن لائن )یونان کے دارالحکومت ایتھنز کی ایک جیل میں قید غیرملکیوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں دو قیدی ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے ہیں، جن میں بعض کی حالت نازک ہے۔یونان کی ایک میونسپلٹی کورے ڈلاس جیل کے قیدیوں کے مابین یہ جھگڑا سی ونگ پر کنٹرول حاصل کرنے کے سلسلے میں شروع ہوا، جس میں چھریوں کا استعمال کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں قیدی پاکستانی ہیں۔وزارتِ انصاف کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ اتوار کو رات کے کھانے کے فوراً بعد جب قیدی اپنے سیلز میں واپس جارہے تھے، تو البانیہ اور عرب نژاد قیدیوں کا پاکستانی قیدیوں کے ساتھ یہ جھگڑا شروع ہوا۔مذکورہ عہدے دار تحقیقات کے بارے میں تفصیلات دینے کا اختیار نہیں رکھتا ، اس لیے اس نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط کے ساتھ بتایا کہ زخمی قیدیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔