کٹھمنڈو کے نواحی علاقے سے مزید 100 نعشیں برآمد کر لی گئیں

May 05, 2015

کٹھمنڈو (رائٹر + ایجنسیاں)  کٹھمنڈو کے نواحی علاقے لانگ ٹانگ سے مزید 100نعشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔  نیپالی پولیس اور مقامی رضا کاروں کا کہنا ہے کہ  یہ افراد حالیہ زلزلے کی وجہ سے برف کے تودوں کے نیچے دب کر ہلاک ہوئے ہیں۔ لانگ ٹانگ کا علاقہ ٹریکنگ کی وجہ سے مشہور ہے  وہاں غیر ملکی افراد بھی بہت شوق سے جاتے تھے۔ حکام نے بتایا کہ اس علاقے میں ٹریکرز کے لیے 55 گیسٹ ہاؤسز تھے، جو برف کے تودے گرنے کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ امدادی کارکن برف کے نیچے سے مزید نعشیں نکالنے کی کوششوں میں ہیں۔ کٹھمنڈو میں قائم پاکستان آرمی کے فیلڈ ہسپتال  میں پیدا ہونے والے دوسرے بچے کا نام ’’پاکستان‘‘ رکھ دیا گیا ہے۔  آئی ایس پی آر  کے مطابق یہ فیلڈ ہسپتال  میں پیدا ہونے والا دوسرا بچہ تھا۔ میڈیا رپورٹس  کے مطابق اس سے قبل  اس فیلڈ ہسپتال میں پیدا ہونے والے پہلے بچے کا نام ’’لاہور‘‘ رکھا گیا تھا۔ یورپی یونین نے کہا ہے کہ زلزلے کے بعد سے نیپال میں 60 کے قریب یورپی شہری لاپتہ ہیں۔ گزشتہ ہفتے یورپی حکام کی جانب سے یہ تعداد ایک ہزار بتائی گئی تھی۔

مزیدخبریں