ون ڈے رینکنگ‘ پاکستان تاریخ کی بدترین 9ویں پوزیشن پر چلا گیا

May 05, 2016

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی کی جاری کردہ نئی سالانہ رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد نویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جس کے ساتھ ہی 2019 کے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔آئی سی سی قوانین کے تحت 30 ستمبر 2017 تک میزبان انگلینڈ کے علاوہ عالمی درجہ بندی کی دیگر سات صف اول کی ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر جائیں گی جبکہ بقیہ ٹیمیں ایونٹ میں بچنے والی دو جگہوں کیلئے 2018 میں کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔اس نئی درجہ بندی میں مئی 2014 سے اپریل 2016 کے درمیان کھیلے گئے میچوں کے نتائج کو شامل کیا گیا ہے ۔آسٹریلین ٹیم کو دو پوائنٹس گنوانے پڑے لیکن اس کے باوجود وہ 124 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے اور اسے دوسرے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ پر 11 پوائنٹس پر برتری حاصل ہے۔جنوبی افریقہ ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ بھارت چوتھے نمبر پر موجود ہے، سری لنکا پانچویں، انگلینڈ چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں اور افغانستان دسویں نمبر پر براجمان ہے۔ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بھی بری کارکردگی کی وجہ سے پاکستان ساتویں نمبر پر پہنچ گیا ہے لیکن سب سے بڑا دھچکا عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو لگا ہے جو تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ٹی ٹونٹی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ پہلے، بھارت دوسرے، جنوبی افریقہ چوتھے، انگلینڈ پانچویں اور آسٹریلیا چھٹے نمبر پر موجود ہے۔سری لنکا آٹھویں ‘افغانستان نویں ‘بنگلہ دیش دسویں ‘ہالینڈ گیارہویںجبکہ زمبابوے بارہویں نمبر پر موجود ہے۔ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی بیٹسمینوں کی رینکنگ میں ابتدائی 20بلے بازوں میں کوئی پاکستا نی بلے باز موجود نہیں ون ڈے میں محمد حفیظ 23ویں اور ٹی ٹوئنٹی میں عمر اکمل 22ویں نمبر پر موجود ہیں، ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں اے بی ڈوئلئیرز پہلے ،ویرات کوہلی دوسرے ،ہاشم آملہ تیسرے،ڈی کوک چوتھے اور روہت شرما 5ویں نمبر پر موجود ہیں،اسی طر ح ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی فہرست میں ویرات کوہلی پہلے،ارون فنچ دوسرے ،مارٹن گپٹل تیسرے ،جوئے روٹ چوتھے نمبر پر موجد ہیں ۔ون ڈے بائولنگ رینکنگ میں ٹرینٹ بولٹ پہلے ،شکیب الحسن دوسرے جبکہ سعید اجمل 8ویں اور محمد عرفان 9ویں نمبر پر موجود ہیں اسی طر ح ٹی ٹوئنٹی بائولنگ رینکنگ میں سیمول بدری پہلے،عمران طاہر دوسرے ،روی چندرن ایشون تیسرے اور شاہد آفریدی چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

مزیدخبریں