لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی، خوشحالی اور روشنیوں کے سفر کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن چند سیاسی عناصر ذاتی مفادات کی خاطر اس سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔ احتساب، دیانت، بچت اور شفافیت پنجاب حکومت کا ایمان ہے‘ سیاسی مخالفین ملکی ترقی روکنے کے درپے ہیں، تاہم پاکستان کی باشعور عوام ایسے عناصر کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے منتخب نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے کئی منصوبوں میں کم سے کم بولی دینے والوں سے بات کرکے قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں‘ ملکی اقتصادیات کو پہنچنے والے اس فائدے کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی‘ وسائل عوام کی امانت ہیں اور ہم یہ امانت دیانت داری کے ساتھ فلاح عامہ کے منصوبوں پر خرچ کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے‘ عوام کو ریلیف کی فراہمی اورخدمت خلق ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت اور اعلی معیار سے منصوبوں کو آگے بڑھایا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وفاقی اور پنجاب حکومت کے توانائی، ٹرانسپورٹ اور انفرا سٹرکچر کے منصوبوں میں قومی خزانے کے کم از کم 215ارب روپے کی بچت کی گئی ہے اور بچائے گئے یہ وسائل عوام کے لئے صحت ، تعلیم اور بنیادی سہولتوں کی مزید بہتر فراہمی کے لئے صرف کئے جا رہے ہیں‘ ہمارا دامن کرپشن کی آلائشوں سے پاک ہے‘ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے ملک اور قوم کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں۔ یہ وہی عناصر ہی جنہوں نے دھرنا سیاست کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا تھا۔ عوام بخوبی جان چکے ہیں کہ انکی بے لوث خدمت کون کر رہا ہے اور تخریبی سیاست کون کر رہا ہے۔ فائر فائٹرز کے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل فائر فائٹرز ڈے آتشزدگی کے حادثات کو روکنے اور نقصانات کو کم کرنے کیلئے موثر‘ جامع اور مشترکہ کاوشوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے امریکہ کے قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امو‘ پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔