ہری پور (اے این این) ہری پور میں فورسز کے ساتھ مقابلے میں دہشت گرد میاں بیوی، بیٹا ہلاک ہو گئے جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح خان پور کے علاقے پنڈ گاکھڑا میں پولیس اور سکیورٹی اداروں نے مشکوک افراد موجود ہونے کی اطلاع ملتے ہی ایک مکان کا محاصرہ کر کے آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں خاتون سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ سابق یو سی ناظم صدیق خان کے بھائی جاوید کے گھر سے کی گئی۔ مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا جن کی شناخت جاوید، اس کے بیٹے احمد جاوید اور بیوی ناہید کے طور پر ہوئی۔ نعشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دہشت گردوں نے مکان کا محاصرہ توڑنے کیلئے فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کے دوران مارے گئے۔ آن لائن کے مطابق سکیورٹی اداروں نے کارروائی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ مقابلے میں تین افراد کی ہلاکت کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق جاوید ایچ آئی ٹی میں ملازم تھا اور چھٹیاں لے کر تین مرتبہ افغانستان جا چکا ہے۔