لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) ملک بھر میں شب معراج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس سلسلہ میں مساجد کے علاوہ گھروں میں عبادات کا خصوصی کا اہتمام کیا گیا۔ عبادت کا سلسلہ عشاء کی نماز سے صبح صادق تک جاری رہا، گھروں میں اس دن کی مناسبت سے خصوصی طور پر نیاز کا انتظام کیا گیا تھا، حلوائیوںکی دکان پر مٹھائی لینے والوں کی قطاریں لگی رہیں، مساجد میں علماء کرام اور مذہبی شخصیات نے معراج النبیؐ کی مناسبت سے خصوصی خطابات کئے اور اس مبارک موقع پر خصوصی دعائیں کرائیں۔ ملک بھر کی مساجد کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا تھا۔ صوبائی دارالحکومت کی دینی درسگاہوں سمیت دربار حضرت داتا گنج بخشؒ، دربار حضرت شاہ جمالؒ سمیت دیگر بڑی ہستیوں کے مزاروں پر بھی خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا اور اجتماعات میں امت مسلمہ اور پاکستان کیلئے خصوصی طور پر دعائیں کی گئیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی جانب سے بڑے اجتماعات کے باہر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ علاوہ ازیں شب معراج کے موقع پر اپنے پیغام میںوزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اختلافات کو چھوڑ کر اتحاد اور اتفاق کے ساتھ انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں تو اﷲ کی خوشنودی حاصل ہوگی، شب معراج کا یہ پیغام آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 27 رجب المرجب کی رات معراج النبیؐ سے نسبت ہے۔ واقعہ معراج النبیؐ کو ایک معجزے کی حیثیت حاصل ہے۔ یہ انسانی تاریخ میں ایک ایسا معجزہ ہے جو پوری نوع انسانی کیلئے بہت بڑی بشارت ہے۔ اﷲ تعالیٰ کا بتایا ہوا راستہ یہی ہے کہ اس پر قائم رہتے ہوئے باہمی یگانگت، رواداری اور اتفاق سے رہو تو دین و دنیا میں عروج حاصل ہوگا۔