افغانستان میں خرابی کا پاکستان کو ذمہ دار قرار دینا غیرمناسب ہے: نثار

May 05, 2016

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دوست ممالک کی طرف مالی امدادکا نہیں بلکہ ادارہ جاتی تعاون اور مختلف اداروں کی استعدادِ کار میں اضافے کےلئے مزید تعاون کا خواہاں رہا ہے،پاکستان خطے کے امن خصوصاً افغانستان میں پائیدار امن کےلئے مخلصانہ کوششیں رکھے گا۔ افغانستان میںکسی بھی قسم کی خرابی کا الزام پاکستان کے سر ڈالنے کا رجحان نہایت غیرمناسب ہے۔ وہ کینیڈا کی ہائی کمشنرہیتھر کروڈن سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ ملاقات میں پاک،کینیڈا تعلقات، سکیورٹی سمیت مختلف شعبہ جات میںدو طرفہ تعاون، آئی این جی اوز، منظم جرائم ، غیرقانونی تارکین وطن اور دہشت گردی کے سلسلے میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے اورخطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کینیڈا سے اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات میں مزید استحکام اور وسعت کا خواہاں ہے۔ وزیرِداخلہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے کینیڈا کے وزیرِاعظم کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ وزیر ِداخلہ نے کہا کہ این جی اوزسے متعلقہ نئی حکومتی پالیسی کا مقصد جہاں ایک طرف حکومت اور غیر ملکی این جی اوزکی پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرنا ہے وہاں این جی اوز سے متعلقہ تمام امور میں مزید شفافیت لانا ہے۔ این جی اوز کی رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے جس میں آئندہ دنوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ وزیرِداخلہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے تمام غیرملکی این جی اوز بشمول کینیڈا سے تعلق رکھنے والی این جی اوز کو مکمل حکومتی سپورٹ فراہم کرنے اورانکے کام میں ہر ممکنہ تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے والے افراد یا مجرموں کی واپسی کے سلسلے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت پاکستان کی پالیسی بہت واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت نہ صرف واپس کئے جانیوالے افراد کی پاکستانی شہریت کی تصدیق ضروری ہے بلکہ کسی بھی جرم کا ارتکاب کرنے والے شخص کے بارے میں حکومت پاکستان کو ثبوت بھی مہیا کیے جائیں تاکہ ایسے افراد کو قانون کے حوالے کیا جا سکے۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس میں مزید وسعت کا خواہاں ہے۔ ہائی کمشنر نے کینیڈا کی تعمیر و ترقی میںپاکستانی نژاد 3 لاکھ کی آبادی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی حکومت پاکستان سے ہر شعبہ میں بشمول صحت، تعلیم، ماحولیاتی تبدیلی وغیرہ تمام امور پر تعاون جاری رکھے گی۔
نثار/ کینیڈا

مزیدخبریں