بھارتی گجرات: بلقیس بانو مقدمہ میں11مجرموں کی اپیل مسترد‘ سزائیں برقرار

May 05, 2017

ممبئی(صباح نیوز)بھارت کی مغربی ریاست گجرات کے بدنام زمانہ بلقیس بانو کیس میں ممبئی ہائی کورٹ نے عمر قید کی سزا کے خلاف 11مجرمان کی اپیل مسترد کردی ہے، لیکن عدالت نے ان میں سے تین افراد کو سزائے موت دینے کی سی بی آئی کی اپیل کو بھی تسلیم نہیںکیا۔ یہ واقعہ تین مارچ 2002کو پیش آیا تھا جب بلقیس بانو کے خاندان کے 14افراد کو قتل کر دیا گیا تھا جبکہ خود بلقیس بانو کو اجتماعی ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس کیس میں ذیلی عدالت نے 11افراد کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔عدالت نے ان پانچ پولیس والوں کو بھی مجرم قرار دیا جنھیں ذیلی عدالت نے ملزمان کے ساتھ مل کر ثبوت ختم کرنے کے الزام سے بری کر دیا تھا۔ یہ مقدمہ سپریم کورٹ کے حکم پر گجرات سے ممبئی منتقل کر دیا گیا تھا۔ ممبئی کی ایک ذیلی عدالت نے 2008میں 12افراد کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ مجرموں میں سے ایک کی موت ہو چکی ہے۔گجرات کے مذہبی فسادات میں ایک ہزار سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے جن میں زیادہ تر مسلمان تھے۔ اس وقت وزیر اعظم نریندر مودی ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے۔ سپریم کورٹ نے سی بی آئی کو الزمات کی تفتیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس سے پہلے ایک مجسٹریٹ نے کیس بند کرنے کی سفارش کی تھی لیکن مجسٹریٹ کے حکم کو بلقیس بانو نے چیلنج کیا تھا۔

مزیدخبریں