لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) وفاقی وزیر اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ کے عہدوں پر نہ ہونے کی وجہ سے رواں ماہ ہونےوالی اسلامک سالیڈیرٹی گیمز سے باسکٹ بال ٹیم کو گیمز شروع ہونے سے 8 روز پہلے پاکستانی دستے سے نکال دیا گیا ۔پاکستان سپورٹس بورڈ نے میگا ایونٹ کے لیے جانے والے پاکستانی دستے پر کٹ لگاتے ہوئے پاکستان باسکٹ بال ٹیم کے دس رکنی دستے کو بغیر کسی وجہ کے نکال دیا گیا ہے۔ آزربائیجان کے شہر باکو میں منعقد ہونے والی گیمز میں پاکستان باسکٹ بال کی مینز اور ویمنز ٹیموں نے 3X3 ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنی تھی ۔جس کے لیے پاکستان باسکٹ بال فیںریشن نے چار خواتین اور چار مرد کھلاڑیوں کا انتخاب کر رکھا تھا جبکہ دونوں ٹیموں کے ساتھ ایک ایک کوچ بھی شامل تھا۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری خالد بشیر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ساوتھ گیمز میں پاکستان باسکٹ بال ٹیم کا 30 رکنی دستہ بھجوایا گیا تھا جبکہ اسلامک گیمز کی تیاری کے لیے چار ماہ سے اسلام آباد میں کیمپ جاری تھا۔ جس میں 10 مرد اور 10 خواتین کھلاڑیوں کو ملک بھر میں ہونے والے ٹرائلز کے بعد منتخب کیا تھا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے باسکٹ بال ٹیم کو نکالنے کا کھلاڑیوں کو بہت افسوس ہوا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو بھجوائی جانے والے دستے کی فہرست میں باسکٹ بال ٹیم کو باہر نکال دیا گیا ہے۔ سیکرٹری پی او اے خالد محمود سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ سے درخواست کرینگے کہ باسکٹ بال ٹیم گذشتہ چار ماہ سے زیر تربیت ہے، بچے اور بچیوں نے کیمپ میں سخت محنت کی ہے لہٰذا باسکٹ بال ٹیم کو گیمز میں بھجوانے کے معاملے کا ازسر نو جائزہ لیا جائے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اس سلسلہ میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے۔