لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )پاکستان ون ڈے کپ میں قوانین کی خلاف ورزی پر کئی کھلاڑیوں کو جرمانے کر دیئے گئے ۔ بلو چستان کے بلے باز احمد شہزاد کو میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ کر دیا۔قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کو سلو اوور ریٹ کی وجہ سے 30 ہزار روپے جرمانہ کرنے کے ساتھ ساتھ ایک میچ کی پابندی بھی لگائی گئی۔فاسٹ بالر جنید خان، لیگ سپنر اسامہ میر، اورفاسٹ بالر عثمان خان شنواری کو بھی قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے ہوئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری پاکستان ون ڈے کرکٹ کپ میں فیڈرل ایریا کی ٹیم سرفہرست ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کے مشیر شکیل شیخ نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں فیڈرل ایریا، سندھ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کی ٹیمیں شامل ہیں،فیڈرل ایریا کی ٹیم 4 میچز کھیلنے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ خیبر پختونخوا کی ٹیم 4میچز میں 4پوائنٹس لے کر دوسر ے ، بلوچستان کی ٹیم 4میچز کھیل کر 2پوائنٹس کے ساتھ تیسرے ،،پنجاب کی ٹیم تین میچز کھیل کر 2پوائنٹس کے ہمراہ چوتھے جب کہ سندھ کی ٹیم تین میچ کھیلنے کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے ۔ آج پنجاب اور سندھ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 6 مئی کو کھیلا جائے گا۔