لاہور/ گجرات (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ انتخابات میں خلائی مخلوق کے متعلق وزیراعظم اور نواز شریف کا بیانیہ ایک ہے جس سے اداروں کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ سینٹ الیکشن میں پی ٹی آئی والوں نے پی ٹی آئی والوں کو ووٹ نہیں دیئے تو ہم کیوں دیں جو اسلامی نظام کی حمایت نہیں کرتے، ہم ان کی حمایت کیوں کریں۔ الیکشن کمشن انتخابات کے حوالے سے بے یقینی کی صورتحال کو ختم کرے اور آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ابھی سے اقدامات کا آغاز کر دے۔ کچھ لوگ نادیدہ قوتوں سے مقابلہ کی بات کر کے اپنا وزن بڑھانے اور عوام کی ہمدردیاں لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایم ایم اے کا مقابلہ سیکولر لبرل طبقہ اور کرپشن سے ہے۔ ملک کرپشن سے پاک کرنے کے لیے کرپشن کے پروردہ نظام کا خاتمہ ضروری ہے۔ 13مئی کو مینار پاکستان پر ایم ایم اے کا جلسہ تاریخی ہو گا۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں جماعت اسلامی گوجرانوالہ ڈویژن کے اجتماع ارکان سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد، سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ اور امیر ضلع گجرات ڈاکٹر طارق سلیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جب دینی جماعتیں اکٹھی ہوتی ہیں تو مخالفین کہتے ہیں کہ اسلام آباد کے لیے اکٹھے ہوئی ہیں اور جب متحد نہ ہوں تو کہتے ہیں کہ ان کا آپس میں اتفاق نہیں لیکن مخالفین کی ایم ایم اے پر بے جا تنقید سے یہ بات تو عیاں ہے کہ انہیں اس اتحاد سے بہت تکلیف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں داڑھی والوں سے محبت ہے ہمارے پاس پاکستان کو خوشحال اور گرین بنانے کا وژن ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کا گیارہ نکاتی ایجنڈا وہی ہے جو میں پہلے مینار پاکستان کے اجتماع میں پیش کر چکا ہوں۔ جماعت اسلامی کا پی ٹی آئی کے ساتھ خیبر پی کے میں حکومتی اتحاد تھا ، پالیسی پر اتحاد نہیں تھا۔ ایم ایم اے بن گئی ہے تو ہم نے جمہوری طریقے سے صوبائی حکومت سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ ہمارے وزراءاپنے حلقوں میں انتخابی مہم چلائیں گے البتہ ہم پی ٹی آئی کی حکومت نہیں گرائیں گے۔ اگر صوبائی حکومت نے بجٹ پیش کیا تو اس کی منظوری کے لیے بھی ساتھ دیں گے۔ راجہ ظفر الحق کو اس لیے ووٹ دیا کہ انہوں نے اپنی جماعت مسلم لیگ ن کی بجائے ختم نبوت کے قوانین پر ہماری ترامیم کا ساتھ دیا اور میرے پیش کردہ پانچ نکاتی ایجنڈا کی حمایت کی جس میں فاٹا کا خیبر پی کے میں انضمام بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمشن کو مکمل بااختیار ہونا چاہیے اگر کوئی دھاندلی ہوتو اس کی ذمہ داری متعلقہ ریٹرنگ آفیسر پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اللہ نے موقعہ دیاہے کہ توبہ و استغفار کریں۔
سراج الحق
خلائی مخلوق، نواز شریف اور وزیراعظم کا بیانیہ ایک، اداروں کی ساکھ متاثر ہوئی: سراج الحق
May 05, 2018