کراچی/ راولپنڈی/ بنوں (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقہ لدھا میکن میں آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔ دہشت گردوں کے زیرزمین ٹھکانوں سے دستی بم‘ ٹینک شکن سرنگیں‘ اسلحہ‘ بارودی سرنگیں، آر پی جی سیون‘ راکٹ‘ رائفلیں‘ پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقہ کوہلو میں بھی آپریشن کیا جس میں اسلحہ‘ بارود‘ راکٹ‘ مارٹر گولے برآمد کر لیے گئے۔ بنوں سے نامہ نگار کے مطابق بنوں میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ حساس اداروں کی طرف سے ڈی پی او بنوں کو اطلاع ملی کہ دہشت گرد عناصر بنوں میں کسی عوامی جلسہ میں تحریب کاری کا منصوبہ رکھتے ہیں اور حملہ میں استعمال ہونے والی خود ساختہ خودکش جیکٹ بمعہ دیگر آلات بنوں اور ایف آر بنوں کی سرحد پر منتقل کرکے کسی خفیہ مقام میں چھپا رکھا ہے، اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے ڈی ایس پی کینٹ کی سربراہی میں بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر پولیس نفری مشتبہ علاقہ میں پہنچے اور زیرِ زمین بارودی مواد کو تلاش کرنے والی مشینوں کو استعمال کرتے ہوئے تھانہ بکا خیل کی حدود نالہ ٹوچی میں چھپایا گیا خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ علاوہ ازیں موقع سے مخابرہ اور پرائما کارڈ بھی برآمد کیا گیا تھانہ بکا خیل میں نامعلوم شرپسند عناصر کے خلاف بارودی مواد ایکٹ کے تحت پرچہ درج کیا گیا۔ سی ٹی ڈی نے کراچی میں سائٹ ایریا اور یونیورسٹی روڈ پر کارروائی میں کالعدم تنظیم کے چار مبینہ دہشتگرد گرفتار کر لئے۔ دہشتگردوں میں کیفتان عرف کفایت، ارشاد عرف زکریا، کامران عرف حذیفہ اور عبدالروف عرف ابورضوان شامل ہیں۔ مبینہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی سے ہے۔ ملزمان دہشتگرد تنظیم کیلئے فنڈز جمع کر کے افغانستان بھجواتے تھے۔
آپریشن ردالفساد: کراچی، کوہلو، لدھا میکن، بنوں میں کارروائیاں، 4دہشتگرد گرفتار، اسلحہ برآمد
May 05, 2018