فلوریڈا (صباح نیوز) امریکا میں مسافر طیارہ خرابی کے باعث دریا میں اتر گیا تاہم معجزانہ طور پر طیارے کے تمام مسافر محفوظ رہے۔کیوبا سے شمالی فلوریڈا کی جانب پرواز کرنے والا مسافر طیارہ بوئنگ 737خرابی کی وجہ سے رن وے کے نزدیک دریائے سینٹ جونز میں اتر گیا۔ اس میں موجود 136 مسافر اور عملے کے 7 اراکین معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم 21مسافروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔طیارے کے دریا میں گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کے کام کا آغاز کردیا گیا، امریکی نیوی کے اہلکاروں اور غوطہ خوروں نے مسافروں کو بحفاظت طیارے سے نکالا۔ پولیس کے مطابق گوانتانامو بے سے پرواز کرنے والے طیارے میں زیادہ تر شہری مسافر اور کچھ فوجی افسراور اہلکار بھی سوار تھے۔ طبی امداد کے بعد تمام مسافروں کو اگلی پرواز سے ان کی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔