لاہور(نمائندہ سپورٹس)پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی میچ آج کھیلا جائے گا۔ واحد ٹی 20کیلئے پاکستان ٹیم نے کمر کسنا شروع کردی، کارڈف میں 3گھنٹے پر محیط بھرپور ٹریننگ سیشن کیا۔ شاہینوں نے صوفیہ گارڈنزمیں جم کر پریکٹس کی فزیکل فٹنس کے ساتھ نیٹ سیشن میں بھی خامیاں دورکرنے کیلئے جان لڑائی ۔ میچ کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم نے سائیڈ میچز میں کینٹ، نارتھمپٹن شائر اور لیسٹر شائر کیخلاف کامیابی حاصل کی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ٹی 20 ورلڈ رینکنگ میں پاکستان بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی پاکستانی وقت کے مطابق آج رات ساڑھے 6 بجے کارڈف میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز آٹھ مئی سے ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 8 ، دوسرا میچ 11 ، تیسرا میچ 14 ، چوتھا میچ 17 جبکہ پانچواں اور آخری میچ 19 مئی کو کھیلا جائے گا۔کھلاڑی میزبان ٹیم سے سیریز کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔پاکستان کو محمد حفیظ اور شعیب ملک کی خدمات حاصل نہیں ہونگی۔شعیب ملک نجی مصروفیات کی وجہ سے 10روز کی رخصت پر ہیں جبکہ محمد حفیظ تاحال فٹ نہیں ہوسکے ہیں۔گرین شرٹس نے گزشتہ روز کوچز کی زیر نگرانی پریکٹس سیشن کے دوران بائولنگ ‘بیٹنگ ‘فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا اور خامیوں کو دورکرنے کی کوشش کی ۔ فاسٹ بائولر محمد عامر بھی ایکشن میں دکھائی دیئے۔بلے باز امام الحق اور دیگر کھلاڑیوں نے نیٹ پریکٹس کے دوران بلے بازی کے جوہر دکھائے ۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر‘بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور‘بائولنگ کوچ اظہر محمود اور دیگر کوچز نے کھلاڑیوں کی رہنمائی کی ۔ کپتان سرفراز احمد نے کوچز اور کھلاڑیوں سے مل کر میچ میں کامیابی کیلئے پلان ترتیب دیااور حکمت عملی سے آگاہ کیا ۔