اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گروپ ہیڈ برائے زرمبالہ و ترقی شوکت زمان نے کہا کہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری ادارے کسی بھی معیشت کی ترقی میں ریڈھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں لہذا سٹیٹ بینک نے ایس ایم ایز کو آسان قرضوں کی سہولت فراہم کرنے کیلئے مختلف فنانسنگ سکیمیں جاری کی ہیں تا کہ یہ ادارے بہتر ترقی حاصل کر سکیں اور معیشت کو مضبوط کرنے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایس ایم ایز کیلئے آسان قرضوں کی رسائی کے موضوع پر منعقدہ ایک آگاہی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام چیمبر نے سٹیٹ بینک کے تعاون سے کیا۔ شوکت زمان نے کہا کہ سٹیٹ بینک نے پرائیویٹ سیکٹر کریڈٹ میں ایس ایم ایز کا حصہ موجودہ 8فیصد سے بڑھا کر 2020تک 17فیصد کرنے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے جس سے ایس ایم ای شعبے کو بہتر ترقی ملے گی۔ انہوںنے کہا کہ اس وقت صرف 6فیصد چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری ادارے بینکوں سے قرضہ حاصل کر رہے ہیں حالانکہ ان میں سے 40فیصد اداروں کے بینکوں کے ساتھ تعلقات قائم ہیں۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری ادارے مجموعی قومی پیداوار میں 30فیصد، برآمدات میں 25فیصد اور صنعتی روزگار کی فراہمی میں 78فیصد حصہ ڈال رہے ہیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ ادارے معیشت کی ترقی میں کتنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ تاہم ان اداروں کو ترقی کیلئے بینکوں سے قرضہ حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ بینک نجی شعبے کو قرضہ فراہم کرنے کی بجائے حکومت کی سیکوریٹیز میں سرمایہ کاری کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بڑھتے ہوئے تجارتی اور کرنٹ اکائونٹ خسارے کا سامنا ہے اور ان خساروں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کر بہترین طریقہ ایس ایم ایز کو آسان قرضے فراہم کر کے ان کو مضبو ط بنانا ہے۔
ایس ایم ایز کیلئے آسان قرضوں کی رسائی کے موضوع پر سمینار
May 05, 2019