لاہور(خصوصی نامہ نگار)مجاہد ملت مولانا محمد عبد الستار خان نیازی کے سالانہ عرس کی مناسبت سے تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ وتحریک صراطِ مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کا کہنا ہے کہ مولانا محمد عبد الستار خان نیازی حریت اور حمیت کی ایک داستان کا نام ہے،تحریک پاکستان میں آپ برصغیر کے مسلمانوں کی بیداری کیلئے ایک مثالی کردار ادا کرنے والے نوجوان تھے،آپ نے برطانوی استعمارکیخلاف بر سرعام نعرہ مستانہ بلند کیا،آپ قائد اعظم محمد علی جناح کے ایک نڈر سپاہی تھے اورقیام پاکستان کے بعد جمعیت علماء پاکستان کے پلیٹ فارم سے نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کیلئے ان تھک جدوجہد کی اورپھرتحریک ختم نبوت میں چٹان کی طرح ڈٹ گئے۔انہوں نے کہا کہ آپ کو تحفظ ناموس مصطفی ﷺ کے سلسلہ میںتختہ دار کا غازی کہا گیا،آپ نے قائد اہل سنت مولانا الشاہ احمد نورانی کی قیادت میں بڑی بڑی الحادی قوتوں کا مقابلہ کیا،آمروں اور ڈکٹیٹروں کے مقابلے میں آپ ایک دھاڑے ہوئے شیر کی طرح نظر آئے۔