لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان کا حسن انتخاب پورے پنجاب کو شرمسار کر رہا ہے اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے آئین کے مطابق انتظامی یونٹ چھوٹے کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بہاول پور صوبہ کی بحالی ،جنوبی پنجاب صوبہ کا قیام اور اسی طریقہ سے ملک کے دیگر علاقوں میں یہ مطالبات پوری شدت سے اپنی جگہ موجود ہیں ۔قومی قیادت اور حکومت تعصب،مفاد پرستی اور وقتی جزبات کو ترک کرکے آئین کے مطابق پارلیمنٹ میں کھلی بحث میں جس قدر جلد چھوٹے انتظامی یونٹس کے معاملات طے کرلیں گے وہ ملکی مفاد میں بہتر ہو گا اس سے قومی وحدت اور یکجہتی میں اطمینان آئیگا وہ دفتر جماعت اسلامی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ آئی ایس پی آرنے دہشت گردی اور کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے جو موقف اختیار کیاہے، ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ یہ پوری قوم کی دل کی آواز ہے اس پریس کانفرنس کے جتنے سیاسی پہلو ہیں اس حوالے سے ہم سمجھتے ہیں کہ عمران خان کی کابینہ میں10 ٹینکو کریٹ پہلے مسلط ہو چکے ہیں اور اب اس سیاسی بیانیہ نے اس حکومت کی بنیاد کو بے بنیاد کر دیا ہے۔