لاہور (نیوز رپورٹر) قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے مرکزی وائس چیئرمین قمر الزماں بابر نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی اور شدت پسندی کا مقابلہ انتہائی بہادری اور پامردی سے کیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف عالمی سطح پر کیا جانا چاہئے۔ ملک کو دہشت گردی کے اس قدر واقعات کا تسلسل سے سامنا نہیں کرنا پڑا۔ پاکستان نے عالمی امن کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ سیمینار سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی مذہب یا خطے سے جوڑنا ہرگز درست نہیں۔ پوری دنیا کو اس عفریت کا سامنا ہے۔ چودھری لئیق احمد‘ ارشاد عالم شاد‘ اسامہ بابر‘ امجد عبید‘ مکرم شاہ نقوی‘ تنزیل الزماں‘ آغا شوکت نے کہا کہ پاکستانی قوم کو پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں پر فخر ہے۔ اگر پاکستانی قوم دہشت گردوں کا راستہ نہ روکتی تو آج دنیا میں امن نہ ہوتا۔ سیمینار میں خالد محمود‘ اعجاز احمد‘ وقار احمد‘ سید مبین شاہ‘ امیر علی زیدی‘ نور حسین‘ منظور حسین اور دیگر نے شرکت کی۔
دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کا دنیا اعتراف کرے: قمر الزماں بابر
May 05, 2019