سعودی عرب میں کل پہلا روزہ ‘پاکستان میں آج چاند دیکھا جائیگا: پوپلزئی الگ اجلاس کرینگے

May 05, 2019

ریاض‘ لاہور ( نوائے وقت رپورٹ‘ خصوصی نامہ نگار‘ نیٹ نیوز) سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں پہلا روزہ کل بروز پیر 6مئی کو ہو گا‘ خلیجی ریاستوں امریکہ اور آسٹریلیا میں بھی پہلا روزہ پیر کو ہو گا۔ماہِ رمضان المبارک 1440ھ کی رویت کیلئے صوبائی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ڈاکٹر طاہررضا بخاری ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب کی زیر صدارت آج شام سوا پانچ بجے بمقام کمیٹی روم ایوان اوقاف لاہور میں ہوگا۔ اجلاس میں صوبائی رویت ہلال کمیٹی کے فاضل اراکین اور اکابر علماء کے ساتھ محکمہ موسمیات کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے ۔رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے پشاور میں 2 رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے۔زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایڈمنسٹریٹو اوقاف کے دفتر عید گاہ پشاورمیں ہوگا جس میں کمیٹی ارکان شریک ہوں گے جب کہ مقامی علماء پر مشتمل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جامع مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت ہوگا۔دوسری جانب ملک میں ایک ہی دن روزہ اور عید کیلئے کوششیں تیزکردی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی نے محکمہ موسمیات کو تحریری مراسلہ جاری کیا ہے جس میں محکمہ موسمیات کو چاند کی پیشگوئی سے متعلق بیان دینے سے روک دیا گیا ہے۔دوسری جانب رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا جس کی صدارت مفتی منیب الرحمان کریں گے۔

مزیدخبریں