شہباز شریف سے منی لانڈرنگ سے متعلق کچھ نہیں پوچھا گیا: مریم اورنگزیب

May 05, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے بیان کو مسترد کردیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے جواب نہ دینے کے الزام کو مسترد کرتے ہیں۔ شہباز شریف نیب نیازی گٹھ جوڑ کے جھوٹے الزامات اور کرونا وائرس کے خطرات کے باوجود نیب میں پیش ہوئے۔ شہباز شریف سے منی لانڈرنگ سے متعلق کوئی سوال نہیں پوچھا گیا۔ نیب جھوٹ بول رہا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے تمام سوالات کے جواب دیے۔ اربوں کھربوں کی کرپشن کے متلاشی نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پوچھا آپ اپنے بچوں کی گاڑی میں کیوں آئے؟۔ بتائیں شہباز شریف بچوں کی گاڑی میں نہیں تو کیا تانگے رکشے میں آتے۔ وراثت میں جو جائیداد ملی اس کا سوال کیا جارہا ہے جو پہلے ہی ڈکلیئرڈ ہے۔ آپ کو معلوم ہے ایک دھیلے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ نہیں ہوئی۔ یہ بھی کہا کہ نیب نے پارٹی فنڈز کا پوچھا جو الیکشن کمیشن میں ڈکلیئر کیے گئے ہیں، ثابت ہوگیا نیب نواز شریف اور شہباز شریف کے کیسز اور فیسز دیکھتا ہے۔ نیب کو وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کے کیس اور فیس نظر نہیں آتے، زمان پارک میں کروڑوں کے گھر کی تعمیر کا کوئی نہیں پوچھتا۔

مزیدخبریں